اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت نے بھنگ سے متعلق انقلابی فیصلہ کرتے ہوئے اس کی کاشت کو ریگولر اور کنٹرول میں لانے کیلئے اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق بھنگ کی کاشت اور کنٹرول سے متعلق اتھارٹی کاقیام آرڈیننس کے ذریعے لایا جائے گا۔ وزارت قومی غذائی تحفظ نے آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا، وزارت نے آرڈیننس کا مسودہ جانچ پڑتال کیلئے وزارت قانون و انصاف کو ارسال کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں جہاں بھنگ کاشت کی جاتی ہے اسے ریگولیٹ کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھنگ کی کاشت کو ریگولیٹ کرنے کا کوئی قانونی طریقہ کار موجود نہیں۔ اتھارٹی بھنگ کے کاشتکاروں کو لائسنس کا اجرا کرے گی۔ بھنگ کی فصل ادویات بنانے کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہے۔اتھارٹی کے قیام سے بھنگ کی فصل کی سمگلنگ روکی جا سکے گی۔