اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب ریکوڈک منصوبےمیں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ سرمایہ کاری سونے اور تانبے کی نکاسی کے ریکوڈک منصوبے میں کی جائے گی، اس حوالے سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ضروری انتظامات کر رہی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم وزارت خزانہ میں تمام فریقوں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کریں گے تاکہ سعودی عرب کے سرمائے کی خوش اسلوبی سے منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔’اس سرمایہ کاری کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کان کنی کے شعبے میں مزید سرمایہ لگانے کے سمجھوتوں پر دستخط کریں گے۔‘چاغی میں واقع ریکوڈک کا شمار میں خام سونے اور تابنے کے بڑے ذخائر میں ہوتا ہے۔
اس منصوبے کے 50 فیصد شیئرز کی ملکیت کینیڈا کی بیرک گولڈ کارپوریشن، 25 فیصد وفاقی حکومت کی تین انٹرپرائزز جبکہ 15 فیصد کی ملکیت صوبہ بلوچستان کی ملکیت ہے۔ریڈیو پاکستان نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ اس منصوبے میں سرمایہ کاری کا معاہدہ آئندہ ماہ متوقع ہے۔