اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )کے ماتحت ادارے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضبط کی جانیوالی سمگل شدہ گاڑیاں نیلامی کیلئے مقرر کردہ کم از کم سے کم قیمت پر نیلام کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کم قیمت پر نیلامی کا نوٹس لے لیا۔ نجی ٹی وی ”ایکسپریس نیوز“کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے لیگل اینڈ اکاﺅنٹنگ کسٹمز ونگ نے ایف بی آر کو لیٹر ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کئی سال سے سمگل شدہ گاڑیوں کی ریزرو قیمت سے کم قیمت پر نیلامی کا مسئلہ درپیش ہے اور سمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کے متعدد کیسوں کی تحقیقات و انکوائریوں میں بھی یہ مسئلہ درپیش آرہا ہے۔لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ضبط کردہ سمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلئے پندرہ جون 2002 کوجاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر بارہ کے تحت سمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی ریزرو قیمت یا اس سے زائد بولی پر نیلام کرنی چاہئے اور اگر نیلامی کیلئے پیش کی جانیوالی سمگل شدہ گاڑیوں کی پہلی اور دوسری نیلامی میں ریزرو قیمت کے برابر یا اس سے زائد بولی نہیں آتی تو اس صورت میں متعلقہ ڈپٹی کلکٹر اور اسسٹنٹ کلکٹر متعلقہ کلکٹر کو ان گاڑیوں کی ریزروز قیمت میں کمی کی تجویز دے سکتا ہے اورکلکٹر گاڑی کی کنڈیشن دیکھ کر ریزرو قیمت کم کرنے کے بارے میں فیصلہ کرسکتا ہے۔
لیٹر میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز رولز اور کسٹمز جنرل آرڈر میں پائی جانے والی عدم مطابقت کی وجہ سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوپارہا، بار بار آڈٹ اعتراضات سے بچنے کیلئے ضبط کردہ سمگل شدہ گاڑیوں کی نیلامی کیلئے 15جون 2002 کوجاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر بارہ میں ترامیم کی جائیں۔