وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں 15 یا 20 فیصد اضافے کی ابتدائی تجویز سامنے آئی ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا بتانا ہے کہ بیوروکریسی کی موناٹائزیشن پالیسی میں 40 ہزار سے 60 ہزار روپے اضافے کی تجویز ہے۔
گریڈ 20 تک کے افسران کے لیے موناٹائزیشن 65 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 5 ہزار روپے کی تجویز ہے۔
گریڈ 21 کے افسران کے لیے 75 ہزار روپے موناٹائزیشن پالیسی کو بڑھا کر 1 لاکھ 20 ہزار روپے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق گریڈ 22 کے افسر کو ملنے والی موناٹائزیشن 95 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 55 ہزار روپے کی تجویز زیر غور ہے۔
1 سے 22 گریڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ سے تقریباً 80 ارب روپے کا امپیکٹ آئے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ 1 سے 16 گریڈ کے ملازمین کے لیے میڈیکل اور کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کا مطالبہ ہے، 1 سے 16 اسکیل کے ملازمین کو 18 سو روپے کنوینس الاؤنس اور 1500 روپے میڈیکل الاؤنس مل رہا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق 17 اور 18 گریڈ کے افسران کو اس وقت 5 ہزار روپے کنوینس الاؤنس مل رہا ہے جبکہ 17 سے 18 گریڈ کے لیے بھی کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافے کی ابتدائی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ1 سے 16 اسکیل کے ملازمین کو 2021 اور 2022 میں 25 اور 15 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس ملا تھا، صوبوں اور وفاق کے ملازمین کا تنخواہوں میں فرق کم کرنے کے لیے ڈسپیریٹی الاؤنس جاری رکھنے کی بھی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی تجاویز ابتدائی مراحل میں ہیں، حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم وزارت خزانہ اور کابینہ کی مشاورت سے کریں گے۔