کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کے سمندر میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہونے سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خبر اندازہ یا تخمینہ ہو سکتی ہے۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبر زیر گردش ہے کہ پاکستان میں سمندر سے تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، دریافت ہونے والے ذخیرے کے بارے میں کہا جا رہا ہے ہے کہ دنیا کا چوتھا بڑا تیل اور گیس کا ذخیرہ ہے جو تین سال کے سروے کے بعد سامنے آیا۔
ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کیلئے جیولوجیکل سروے کیا گیا، سروے کے دوران سمندر سے لئے گئے ڈیٹا کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق گیس اور تیل کے بھاری ذخائر کی دریافت سے متعلق کہنا قبل از وقت ہے، یہ گیس اور تیل کی موجودگی سے متعلق اندازہ یا تخمینہ ہو سکتا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈی جی پٹرولیم کنسیشنز آفس اگلے سال پہلی سہ ماہی میں بڈنگ کرائے گا، کامیاب بولی دہند گان کو آف شور بلاکس ایوارڈ ہوں گے، ایکسپلوریشن کا عمل شروع ہونے کے بعد تیل و گیس کی دریافت کا معلوم ہو سکے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان میں پہلے بھی متعدد بار سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی گئی، ماضی میں سمندر میں ہونے والی تیل اور گیس کی تلاش کیلئے سرگرمیاں بھی تخمینوں کی بنیاد پر تھیں، جب تک گیس یا تیل دریافت نہ ہو جائے ذخیرے کا حجم نہیں بتایا جا سکتا۔