پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہو گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے مطابق اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت پاکستان کو 1 اعشاریہ 1 ارب ڈالرز کی آخری قسط ملنی ہے۔
اعلامیے میں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ قسط ملتے ہی 3 ارب ڈالرز کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ ختم ہو جائے گا۔
اعلامیے میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے معاشی اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پہلے جائزے کے بعد کے مہینوں میں پاکستان کی معاشی اور مالی حالت بہتر ہوئی۔
اعلامیے میں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ با اعتماد پالیسی مینجمنٹ کی پشت پر ترقی اور اعتماد کی بحالی جاری ہے۔
آئی ایم ایف نے اعلامیے میں کہا ہے کہ نئی حکومت نے پروگرام پر عمل درآمد جاری رکھنے کا کہا ہے۔
اعلامیے میں آئی ایم ایف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کثیر الجہتی اور دو طرفہ شراکت داروں سے رقوم کی بحالی میں بہتری آئی ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق اس سال ترقی معمولی رہنے کی توقع اور افراطِ زر ہدف سے کافی زیادہ ہے۔
اعلامیے میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اقتصادی کمزوریوں سے نمٹنے کے لیے جاری پالیسی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے مسائل کے مستقل حل کے لیے وسط مدتی فنڈ پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔