اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) اگلے ماہ کے ابتدائی 15 روز کے لئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔
حکومت کی جانب سے یکم جولائی 2024 سے اگلے 15 روز تک پیٹرول کی قیمت میں 7.54 روپے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 9.84 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔
وزارت توانائی کے حکام نے دی نیوز کو بتایا کہ اگر یکم جولائی 2024 سے 5 روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی شامل کی جائے تو پھر موٹر سپرٹ کی قیمت میں 12.58روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 14.84روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ حکومت نے مالی سال 2025 کے وفاقی بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کو موجودہ 60روپے فی لٹر سے بڑھا کر 80 روپے کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم حکومت وقفے وقفے سے 20 روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی عائد کرے گی۔