لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )ٹیوٹا نے اپنی معروف گاڑی ’ یارس‘ کا نیا فیس لفٹ ماڈل مارکیٹ میں متعارف کروا دیا ہے جس کی قیمتوں میں بھی ایک لاکھ 44 ہزار سے لے کر 6 لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا گیاہے ۔
مقامی اخبار ’ڈان ‘ کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم سی کی جانب سے مجاز ڈیلرز کو جاری لسٹ میں عندیہ دیا گیا کہ ٹویوٹا یارس جی ایل آئی ایم / ٹی 1.3، سی وی ٹی 1.3، اے ٹی آئی وی ایم/ٹی 1.3 اور اے ٹی آئی وی سی وی ٹی 1.3 کی قیمتیں بڑھا کر بالترتیب 44 لاکھ 79 ہزار روپے، 47 لاکھ 60 ہزار روپے، 47 لاکھ 30 ہزار روپے اور 56 لاکھ 4 ہزار روپے ہوں گی، جو اس سے قبل 43 لاکھ 26 ہزار، 46 لاکھ 16 ہزار، 45 لاکھ 86 ہزار اور 47 لاکھ 66 ہزار روپے میں دستیاب تھیں۔
اے ٹی آئی وی ایکس سی وی ٹی 1.5 (بیج انٹیرئیر) کی قیمت 56 لاکھ 49 ہزار روپے سے بڑھا کر 62 لاکھ 55 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔یارس کی بکنگ 24 مئی سے 15 لاکھ روپے ادا کر کے کرائی جاسکے گی۔
مارچ کے وسط میں انڈس موٹرز نے یارس کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 73 ہزار روپے سے ایک لاکھ 33 ہزار روپے تک کمی کر دی تھی، تاکہ ان کی قیمتوں کو 40 لاکھ روپے سے کم پر رکھا جاسکے، جس میں جنرل سیلز ٹیکس شامل نہیں۔