کہا جاتا ہے چھوٹی عمر میں بچہ چیزوں کو جلدی سیکھ اور یاد کر لیتا ہے جبکہ عمر کے ساتھ ساتھ سیکھنے کی صلاحیت اور یادداشت متاثر ہوتی چلی جاتی ہے۔
والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اِن کے مستقبل میں کامیاب شخص بنانے کے لیے آج ہی سے ان پر خصوصی توجہ دیں اور اُنہیں ایسے گُر سکھائیں جو اُن کے مستقبل میں کام آ سکیں۔
مستقبل میں اپنے بچے کی کامیابی کو 100فیصد یقینی بنانے کے لیے اسے گھر پر یہ 10 اہم عادات سکھائیں۔
کھانا پکانے کی بنیادی باتیں
اپنے بچوں کو کھانے کی تیاری، کھانے پکانے سمیت اس کو محفوظ کرنا سکھائیں تاکہ وہ خود ہی صحت بخش کھانا بنا سکیں اور اپنی باقی زندگی کے لیے کھانے کی اچھی عادات پر عمل کر سکیں۔
وقت کا بہتر طور پر استعمال
اپنے بچوں کو ٹائم مینجمنٹ کی مہارتیں سکھائیں جو انہیں اپنے فرائض میں توازن پیدا کرنے اور ان کی پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے میں مدد دے گی۔
ان مہارتوں میں نظام الاوقات بنانا، ترجیحات کا تعین کرنا اور وقت سے پہلے ہر کام کے لیے خود کو تیار کرنا شامل ہے۔
صفائی اور منظم انداز اپنانے کی تربیت
اپنے بچے کو گھر کے کاموں جیسے کہ کپڑے تہہ کرنا، گھر کی مختلف جگہوں کی صفائی سمیت اپنے کمرے کو خود منظم اور صاف کرنا سکھائیں۔
ان میں ذمہ داری اور خود میں نظم و ضبط پیدا کرنے کی تلقین کریں۔
مالیاتی انتظام
اپنے بچے کو بجٹ بنانے، بچت کرنے، ضروریات اور خواہشات میں فرق کرنا سکھائیں، اُنہیں مالی آزادی اور دانشمندانہ مالی فیصلہ سازی کے لیے تیار کریں۔
گھر کی دیکھ بھال
اپنے بچے کو گھر کی دیکھ بھال کرنے کے طریقے سکھائیں جیسے کہ ٹیوب لائٹ یا بلب کو خود تبدیل کرنا، لیکیج کی مرمت کرنا وغیرہ، تاکہ وہ مستقبل میں خودمختاری کے ساتھ گھر کے چھوٹے موٹے کام کر سکیں۔
باغبانی اور پودوں کی دیکھ بھال
اپنے بچوں کو سبزا اگانے، پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کرنے سمیت پودوں کی دیکھ بھال کرنا سکھائیں، اس عادت سے وہ سمجھ سکیں گے کہ کھانا ان کی میز پر کیسے آتا ہے، اس عادت سے ان میں ماحولیاتی ذمہ داری کا احساس پیدا ہوگا اور اُن میں تحمل اور صبر بھی پیدا ہو سکے گا۔
ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی حالات کی تیاری
اپنے بچوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے درکار اوزار دیں اور اِنہیں ابتدائی طبی امداد اور ہنگامی طریقہ کار کے بنیادی اصول سکھائیں۔
ان میں سی پی آر، معمولی چوٹوں سے نمٹنا اور بحرانوں پر ردعمل شامل ہے۔
بنیادی سلائی اور مرمت کی تعلیم
اپنے بچوں کو ٹوٹا ہوا بٹن لگانے اور پھٹے ہوئے کپڑوں کو سلائی کرنا سکھائیں تاکہ وہ خود ہی تھوڑی بہت مرمت کر سکیں اور اپنے کپڑوں کو زیادہ دیر تک پہن سکیں۔
اپنے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں اور مسائل حل کرنے کی مہارتوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے کام ڈو اٹ یور سیلف (DIY) کے تحت خود کریں، اِن کو بنیادی کارپینٹر، دستکاری، یا گھر کی سجاوٹ جیسے پروجیکٹس پر کام کرنے کا کہیں۔
مواصلات اور تنازعات کا حل
اپنے بچوں کو بات چیت کرنا، اپنا پیغام مؤثر انداز میں دوسروں تک پہنچانا اور دوسروں کی بات تحمل سے سننا سکھائیں۔
اُنہیں سکھائیں کہ تنازاعات سے بھاگنے کے بجائے ان کا حل ڈھونڈنا چاہیے، اِنہیں تعمیری سوچ رکھنا اور جذبات کا اظہار کرنا سکھائیں۔
بچوں کو سکھائیں کہ پرامن رہتے ہوئے بھی تنازعات کا حل نکل سکتا ہے۔