Friday, January 3, 2025
ہومHealth and Educationشدید اسموگ نےمحبت کی لازوال یادگار کو بھی دھندلا دیا۔سخت اقدامات کا...

شدید اسموگ نےمحبت کی لازوال یادگار کو بھی دھندلا دیا۔سخت اقدامات کا اعلان


  • نئی دہلی میں غیر ضروری تعمیرات پر پابندی
  • تاج محل کو زہریلی دھند نے چھپا دیا۔
  • نئی دہلی میں ہوا کی کوالٹی دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں سب سے خراب ہے: آئی کیو ایر
  • اسموگ کی وجہ سے پروازوں میں خلل ، جمعرات کو 88 فیصد روانگیوں میں تاخیر۔
  • بچوں میں الرجی، کھانسی اور دمہ کے مرض میں اضافہ: ڈاکٹر

بھارتی حکومت نےدارالحکومت نئی دہلی میں غیر ضروری تعمیرات پر پابندی عائد کر دی ہے، اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں کو گرم کرنے کے لیے کوئلہ جلانے سے گریز کریں، تاکہ ہوا کے گرتے ہوئےمعیار سے نمٹا جا سکے جس نے پروازوں میں خلل ڈالا ہے اور تاج محل کو دھندلا دیا ہے۔

نئے اقدامات میں سڑکوں پر دھول دبانے والے مادوں کے ساتھ پانی کے چھڑکاؤ کے علاوہ مکینیکل طریقے سے جھاڑو دینا شامل ہیں جن سے دھول کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ یہ اقدامات جمعہ کی صبح سے نافذ العمل ہوں گے۔

نئی دہلی میں سرکاری گاڑیاں فضائی آلودگی پر کنٹرول کے لییے سڑکوں پر پانی چھڑک رہی ہیں، فوٹو اے پی 14 نومبر 2024

دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے، تمام پرائمری اسکولوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کلاسز کو آن لائن منتقل کر دیں ۔

شہریوں سے اپیل

ان اقدامات میں غیر ضروری تعمیرات پر پابندی اور شہریوں سےیہ اپیل بھی شامل ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال بڑھا دیں اور گھروں کو گرم کرنے کے لیے کوئلےاور لکڑی کے استعمال سے گریز کریں ۔ جمعرات کو اقدامات کے بارے میں جاری سرکاری ریلیز میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ اقدامات کب تک نافذ العمل رہیں گے۔

ئی دہلی میں ہوا کی کوالٹی عالمی دارالحکومتوں میں سب سے خراب!

شمالی بھارت میں ہوا کی کوالٹی گزشتہ ہفتے سے خراب ہوئی ہے ۔زہریلے اسموگ نے نئی دہلی سے تقریباً 220 کلومیٹر (136 میل) کے فاصلے پر واقع ، محبت کی لازوال یادگار، تاج محل کے ساتھ ساتھ امرتسر میں سکھوں کی مقدس ترین عبادت گاہ، گولڈن ٹیمپل کو بھی دھندلا دیا ہے۔

ہوا کے معیار کی درجہ بندی سے متعلق سوئٹزر لینڈ کے ایک ادرے، آئی کیو ایر کی لائیو درجہ بندی کے مطابق، نئی دہلی میں ہوا کے معیار کا درجہ دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں سب سے خراب ہے ، جس کی سطح 424 ہے۔

اسموگ کی وجوہات

نئی دہلی میں ہر سال موسم سرما میں جب ٹھنڈی ہوا میں دھول، کاربن گیسوں کے اخراج اور کھیتوں میں غیر قانونی طور پر لگائی گئی آگ سے پیدا ہونے والا دھواں بھر جاتا ہے، تو شہر کو د ھوئیں اور دھند کے زہریلے مرکب،اسموگ کا سامنا ہوتا ہے ۔

نئی دہلی میں سموگ کا ایک منظر، فوٹو اے پی 14 نومبر2024

نئی دہلی میں سموگ کا ایک منظر، فوٹو اے پی 14 نومبر2024

اس سال نئی دہلی میں تقریباً 38 فیصد آلودگی،فصلوں کے جلانے کی وجہ سے ہوئی، جو پڑوسی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں جاری وہ عمل ہے جس کے تحت چاول کی کٹائی کے بعد باقی رہ جانے والے بھوسے سے کھیتوں کو صاف کرنے کے لیے انہیں جلا دیا جاتا ہے۔

پروازوں میں تاخیر

اسمو گ کی وجہ سے دہلی کی پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ پروازوں کی ٹریکنگ کے ویب سائٹ۔’فلائٹ ریڈار 24‘، کے مطابق اسموگ کی وجہ سے جمعرا ت کی سہ پہر تک روانگی کی 88 فیصد اور آمد کی 54 فیصد فلائٹس کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

الرجی، کھانسی، دمہ

حکام نے آلودگی کی سطح میں اضافے کے ساتھ ساتھ ہواؤں کے ٹھہر جانے اور درجہ حرارت میں کمی کو اسموگ کی وجہ قرار دیا، جس نے شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حد نگاہ کو، 300 میل تک کم کر دیا، جس کے نتیجے میں بدھ کو پروازوں کی وزیبلٹی یا حد نگاہ صفر ہو گئی ۔

اسپتالوں میں پہنچنے والے مریضوں، خاص طور پر بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب کے فاضل کا علاقے کے بچوں کے امراض کے ماہر سہاب رام نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ، ’’ الرجی، کھانسی اور زکام کے شکار بچوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور دمے کے شدید حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ “

درجہ حرارت میں کمی

موسمیا ت سے متعلق حکام نے بتایا کہ ،جمعرات کو دہلی کا کم از کم درجہ حرارت 16.1 ڈگری سیلسیس، ( 61 ڈگری فارن ہائیٹ) تک گر گیا جو اس سے ایک روز قبل 17 ڈگری سیلسیس (63 ڈگری فارن ہائیٹ ) تھا۔

زمینی سائنس کی منسٹری نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں آلودگی کی سطح “بہت خراب” یا انڈیکس اسکور 300 سے 400 تک بہتر ہونے سے پہلے، امکان ہے کہ جمعے کے روز “شدید” کیٹیگری میں رہے گی۔

وزارت کی ویب سائٹ سے پتہ چلتا ہے کہ شمالی بھارت میں کھیتوں کو صاف کرنے کے لیے کھیتوں میں لگائی جانے والی آگ کی تعداد اس ہفتےبدھ کو تقریباً 2,300 تک پہنچ گئی ہے جو پیر کو 1,200 تھی۔

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر

پاکستان کے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو جمعرات کو آئی کیو ایر کی درجہ بندی میں دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا۔ وہاں کے حکام کو اس ماہ خطرناک ہوا کا بھی سامنا ہوا۔

لاہور میں اسموگ کے دوران ایک پھل فروش صبح سویرے اپنا اسٹال ترتیب دے رہا ہے، فوتو اے پی 14 نومبر 2024

لاہور میں اسموگ کے دوران ایک پھل فروش صبح سویرے اپنا اسٹال ترتیب دے رہا ہے، فوتو اے پی 14 نومبر 2024

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں