طبی ماہرین کا بتانا ہے کہ اگر کسی بھی غذا کی میعاد ختم ہونے کے بعد اس کا استعمال کر لیا جائے تو فائدے کے بجائے ’فوڈ پوائزننگ‘ یا صحت سے متعلق دیگر خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کھانے کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ گزر جانے کے بعد اس میں مخلتف اقسام کے جراثیم اور بیکٹیریاز جنم لے لیتے ہیں یا کیمیائی تبدیلیوں کی وجہ سے یہ کھانا غیر محفوظ ہوجاتا ہے۔
میعاد ختم ہونے والے کھانے کا استعمال نقصان دہ بیکٹیریا جیسے سالمونیلا، ای کولی، یا لیسٹیریا کے ہضم ہونے کا خطرہ بڑھاتا ہے جو صحت کے لیے مختلف پریشان کن نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیک شدہ (پراسسڈ فوڈ) کھانا میعاد ختم ہونے کے تھوڑی دیر بعد کھایا جائے تو ان سے کم خطرہ لاحق ہوتا ہے جبکہ ڈیری مصنوعات یا گوشت معیاد ختم ہونے کے بعد نسبتاً تیزی سے خطرناک ہو سکتا ہے۔
کیا آپ نے بھی کبھی غلطی سے یا انجانے میں ایسا کھانا کھایا ہے جو خراب تھا یا اسے استعمال کرنے کی میعاد ختم ہو چکی تھی؟ اگر ہاں تو صحت سے متعلق اس رپورٹ میں جانیے کے اس معاملے پر طبی ماہرین کا کہنا ہے۔
معیاد ختم ہونے کے بعد کھانے کے استعمال سے پیش آنے والے ممکنہ خطرات درج ذیل ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق ختم المیعاد (ایکسپائیرڈ) غذاؤں میں زہریلا مواد پیدا ہو جاتا ہے جسے کھانے کے بعد انسان متعدد بیماریوں میں گھِر سکتا ہے جیسے کہ فوڈ پوائزننگ وغیرہ۔
فوڈ پوائزننگ کی علامات میں متلی، الٹی، اسہال، پیٹ میں درد، بخار اور شدید صورتوں میں پانی کی کمی اور اعضاء کا سکرنا شامل ہے۔
ایسی غذا کا استعمال الرجک ردِ عمل کا بھی سبب بن سکتا ہے جیسے کہ سانس کے مسائل، سر درد اور سنگین صورتوں میں اعصاب میں تناؤ وغیرہ۔
ڈبوں میں بند کھانا استعمال کی تاریخ گزر جانے کے بعد رنگ یا خوشبو بدلے یا نہ بدلے اس میں نقصان دہ کیمیکلز کی موجودگی ضرور بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے اس کا استعمال تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔
اگر آپ نے غلطی سے میعاد ختم ہونے کے بعد کھانا کھا لیا ہے تو جانیے کلینیکل نیوٹریشنسٹ اس سے متعلق کیا کہتے ہیں:
پُرسکون رہیں: گھبرانے سے صورت حال میں مدد نہیں مل سکتی، ایسے میں گہری سانسیں لیں اور اندازہ لگائیں کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں۔
علامات کی خود جانچ کریں: فوڈ پوائزننگ یا الرجک رد عمل کی علامات کے لیے خود کو مانیٹر کریں، علامات میں متلی، الٹی، اسہال، پیٹ میں درد، بخار، سر درد یا چکر آنا شامل ہو سکتے ہیں۔
پانی پیئیں: پانی پینے سے زہریلے مادوں کو باہر نکلنے اور فوڈ پوائزننگ کی علامات کو دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
طبی مشورہ حاصل کریں: اگر آپ کو شدید علامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے یا اگر آپ اپنی صحت کے بارے میں فکر مند ہیں تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں۔
ڈاکٹر آپ کی مخصوص صورتحال کی بنیاد پر رہنمائی فراہم کر سکتا ہے۔
باقی کھانے کو ترک کر دیں: اگر آپ کو شک ہے کہ آپ نے جو کھانا کھایا ہے وہ آپ کی تکلیف کی وجہ بنا ہے تو باقی کھانے کو مزید استعمال سے روکنے کے لیے اسے ترک کر دیں۔