(ویب ڈیسک)فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ہینڈز آن ٹریننگ “سی پی آر” پرایک تربیتی سیشن کا انعقادکیاگیا۔
“ہینڈز آن ٹریننگ سی پی آر” پر تربیتی سیشن کا انعقاد کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان اور امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں کیا گیا کیونکہ ہر سال ماہ اکتوبرکو ہارٹ سیور منتھ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم نے پروفیسر کامران خالد خواجہ کی سربراہی میں ڈاکٹر عمر مسعود گوندل ( انسٹرکٹر)،ڈاکٹر حسن مسعود گوندل(انسٹرکٹر)اور خدیجہ روزی خان کے تعاون سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا۔
فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات نے تربیتی سیشن میں حصہ لیا اور مینیکنز (mannequins) پر ہینڈ آن ٹریننگ کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے سی پی ایس پی، اے ایچ اے کی ٹیموں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس تربیتی سیشن کا بنیادی مقصد طالبات اور لوگوں میں “سی پی آر “کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔
پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے کہ ’’اور جس نے کسی کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچا لیا‘‘لہٰذا اگر ہم نے ایک انسان کی جان بھی بچائی ہے تو ہمارا یہ تربیتی سیشن کرنے کا مقصد پورا ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پی ایس پی جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ ہے جس نے میڈیکل ایجوکیشن میں ایڈوانسڈ اسکلڈ پروگرامز کا آغاز کیا۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر عبدالحمید، ڈینز، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔