دہلی میں سانس کی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے تیاریوں پر اسپتالوں کو ایلرٹ کر دیا گیا ہے اور دیگر وائرس سے متعلق صحت کے چیلنجوں کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
چین میں ہیومن میٹاپنیووائرس (ایچ ایم پی وی) کے پھیلنے کی وجہ سے عالمی سطح پر صحت کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس میں فلو جیسی علامات کووڈسے ملتی جلتی ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں، دہلی کے صحت کے حکام نے 5 جنوری کو ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے تاکہ ہیومن میٹاپنیووائرس (ایچ ایم پی وی) اور دیگر سانس کے وائرس سے متعلق صحت کے چیلنجوں کے لیے تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی ‘ پر شائع خبر کے مطابق ایک بیان میں ہیلتھ سروسز کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وندنا بگا نے اتوار کو چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرز اور آئی ڈی ایس پی کے اسٹیٹ پروگرام آفیسر کے ساتھ میٹنگ کی تاکہ دہلی میں سانس کی بیماریوں سے نمٹنے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ اس میٹنگ میں اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر انفلوئنزا جیسی بیماری (ILI) اور شدید ایکیوٹ ریسپائریٹری انفیکشن کے کیسزپورٹل کے ذریعہ رپورٹ کریں۔
تاہم، 3 جنوری کو، ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر جنرل (DGHS) ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ چین ہیومن میٹاپنیووائرس کی وبا پھیل رہی ہے، جو کہ بہت سنگین ہے، لیکن ہندوستان میں اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ وائرس ہندوستان میں سانس کا ایک عام وائرس ہے، جو سردی جیسی بیماری کا سبب بنتا ہے یا کچھ لوگوں میں فلو جیسی علامات کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ وائرس زیادہ تر بوڑھوں اور ایک سال سے کم عمر کے بچوں میں پایا جاتا ہے۔