کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ہراسمنٹ سے پاک ماحول کیلیے بڑا قدم اٹھا لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تعلیمی اداروں میں محفوظ اور ہراسمنٹ سے پاک ماحول کے لیےبڑا قدم اٹھا لیا ہے جس کے تحت تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں لازمی قرار دے دی ہیں۔ پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار کے مطابق پی ایم ڈی سی نے طلباء، فیکلٹی اور عملے کے لیے محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے چنانچہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں شکایات کا 10 روز کے اندر جائزہ لے کر رپورٹس جمع کرائیں گی۔
“جنگ ” کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ ہراسمنٹ کے خاتمے کے لیے احتساب، آگاہی، اور رپورٹنگ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے جب کہ اختیارات کے غلط استعمال اور تفریق جیسے عوامل کام کے ماحول کو زہریلا بناتے ہیں لہٰذا طلباء، فیکلٹی، اور عملہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کریں۔ کمیٹیاں اداروں میں ہراسمنٹ کو روکنے اور آگاہی پیدا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کریں گی۔