لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے ڈسپلن و شفاف تدریسی نظام کیلئے 20 نکاتی گائیڈ لائنز بھی جاری کردی گئیں، ضلعی و تحصیل ایجوکیشن افسران اور سکول سربراہوں کو گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئی گائیڈ لائنز کے مطابق اساتذہ، طلبہ اور نان ٹیچنگ سٹاف تدریسی اوقات میں موبائل فون ہیڈ ٹیچر کو جمع کرائیں گے، سٹاف کیلئے ڈریس کوٹ اور بند شوز پہننا لازمی ہوگا، ٹیچرز اور طلبہ اپنے نام کا بیج لگائیں گے۔
سکول ایجوکیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سب نیوی بلیو جرسی اور طلبہ یونیفارم پہنیں گے، مرکزی گیٹ پر اوقات کار کا بورڈ آویزاں ہوگا، ہر کلاس کا سی آر ہوگا سکول میں مختلف نعروں کے تین یا چار پینا فلیکس لگائے جائیں گے۔
گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ طلبہ رجسٹر استعمال کرینگے، وائٹ بورڈ کے ایک کارنر پر حاضر و غیر حاضر طلبہ اور مضمون کا خانہ ہوگا، پڑھایا جانے والا مضمون اور اہم نکات بورڈ پر درج ہونگے۔
طلبہ کے ناخن اور بال کٹنگ کی روزانہ چیکنگ ہوگی، اساتذہ گھڑی پہنیں گے، اسمبلی میں ہیڈ سمیت تمام ٹیچرز کی حاضری لازمی ہوگی۔