(فرحان یامن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےپنجاب بھر میں طلباء کیلئے لیپ ٹاپ سکیم کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سیکٹر ریفارمز کے حوالے سے اجلاس میں لیپ ٹاپ اسکیم کی منظوری سمیت اہم فیصلے کیے گئے،اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ، لیپ ٹاپ اور طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،پسماندہ اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر نئی یونیورسٹیاں اور کالجز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا ہر ضلع میں انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کی یونیورسٹی اور تحصیل کی سطح پر کالج ہمارے اہداف میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی “تعلیمی ایمرجنسی”کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں, صوبے بھر میں طلبہ کو 20 ہزاور موٹر بائیکس دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح کے تقرر و تبادلے
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجی ،سرکاری یونیورسٹیوں میں ساڑھے 6لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں،طلبہ میں لڑکوں کا تناسب 44اور لڑکیوں کا تناسب 56 فیصد ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب کے طلبا کو 7 سال بعد دوبارہ جدید ترین لیپ ٹاپ دئیےجائیں گے۔
اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ،وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ودیگر حکام نے شرکت کی۔