یقیناً آپ نے متعدد بار ماہرین کو چہرے پر برف ملنے کا مشورہ دیتے سنا ہوگا اور شاید یہ آپ گھر پر کرتے بھی ہوں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس کے متعدد فائدوں کے ساتھ کئی نقصانات بھی ہیں؟
گھر میں عموماً ہم چہرے کی دلکشی میں اضافے کے لیے ٹوٹکے آزماتے ہیں لیکن ہم اس سے لاعلم ہوتے ہیں کہ ان ٹوٹکوں کو درست طرح سے کیا جارہا ہے یا نہیں۔
ماہرین کے مطابق چہرے پر برف ملنے کا رواج ایک قدیم چینی اسکن کیئر تکنیک سے جڑا ہوا ہے جسے ‘آئس تھراپی’ کہا جاتا ہے، آئس تھراپی خون کے بہاؤ کو متحرک کرتی ہے جس سے چہرے کی سوجن کم ہوتی ہے۔
آئیں دیکھتے ہیں کہ چہرے پر برف ملنے سے مزید کیا فائدے اور نقصانات ہوتے ہیں؟
جلد میں نکھار پیدا ہوتا ہے:
چہرے پر برف لگانا قدرتی ہائی لائٹر کا کام کرتا ہے، اس سے چہرے پر جھریاں اور گہرے نشانات ختم ہوجاتے ہیں، مسام بھی بند ہوجاتے ہیں، برف لگانے سے آپ کی جلد ٹائٹ رہتی ہے۔
جلد کو تازہ اور جوان رکھنے میں مددگار:
ہر کسی کو دن میں ایک بار ایک سے دو برف کے ٹکڑے چہرے پر ضرور ملنے چاہئیں، یہ جلد کو ترو تازہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
چہرے پر خشکی ختم کرتی ہے:
کچھ افراد کا چہرہ گرمیوں میں بھی خشک رہتا ہے اور جتنا مرضی موائسچرائزر لگالیا جائے کوئی فائدہ نہیں ہوتا، ضروری ہے کہ اس کے لیے آپ چہرے پر برف ملیں، اس سے آپ کی یہ پریشانی دور ہوجائے گی اور چہرہ ترو تازہ لگے گا۔
میک اپ سے پہلے چہرے پر برف ضرور ملیں:
خواتین شادی بیاہ یا کسی بھی تقریب میں جانے سے قبل جیسے میک اپ کرتی ہیں ویسے ہی میک اپ سے پہلے اگر برف مل لیں گی تو اس سے ان کی بیس، فاؤنڈیشن بہترین لگے گی اور گرمیوں میں جہاں بیس پھٹ جاتی ہے، برف لگانے سے ایسا نہیں ہوگا۔
کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
اگر آپ کی جلد حساس ہے تو برف کو براہ راست چہرے پر نہ لگائیں، اچھا ہوگا اگر اسے کسی کپڑے میں لپیٹ کے اس سے چہرے کا مساج کریں۔
اس کے علاوہ برف کو زیادہ دیر چہرے کے ایک حصے پر بھی رکھنے سے گریز کریں۔
* بالی وڈ کی عالیہ بھٹ اور کترینہ کیف سمیت بہت سی اداکارائیں صبح سویرے اٹھتے ہی ایک باؤل میں برف کے متعدد ٹکڑے اور پانی ڈال کے اپنا چہرے اس میں بھگوتی ہیں، آپ بھی گھر میں یہ کرسکتی ہیں کیونکہ اس سے جلد انتہائی خوبصورت ہوتی ہے۔