لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ان دنوں ٹک ٹاک پر ایک ٹرینڈ بہت وائرل ہو رہا ہے، جس میں کچے آلو کے ذریعے آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقوں کے علاج کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ کیا یہ دعویٰ درست ہے؟ ایک ماہر ڈاکٹر نے اس پر اپنا مؤقف دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس ٹرینڈ میں کہا جا رہا ہے کہ جن خواتین کو سیاہ حلقوں کا مسئلہ ہے، وہ اگر کچا آلو اپنے چہرے پر رگڑیں تو انہیں اس مسئلے سے نجات مل جائے گی۔
برطانیہ کے ڈاکٹر سٹیفن ہمبل نے اس ٹرینڈ پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دعوے میں کچھ وزن ہے۔ کچا آلو وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ازیلیک ایسڈ اور نیاسینامیڈ پائے جاتے ہیں۔ یہ اجزاء جلد کے لیے کسی طور فائدہ مند ہو سکتے ہیں، تاہم اس فائدے سے زیادہ یہ نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سٹیفن کا کہنا تھا کہ یہ اجزاء سیاہ حلقوں پر تو خاطر خواہ اثرانداز نہیں ہوں گے تاہم ان سے چہرے پر کیل مہاسے نکلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ میری ذاتی رائے میں چہرے پر کچے آلو سے مساج کرنا ایک برا آئیڈیا ہے۔ میرے خیال میں اس کے کچھ زیادہ مثبت پہلو نہیں ہیں۔ طویل عرصے تک اس کا مساج کرنے سے جلد کی رنگت اور سیاہ حلقوں پر معمولی فرق پڑ سکتا ہے تاہم اس دوران جلد میں جلن، الرجی اور کیل مہاسوں سمیت دیگر مسائل جنم لے سکتے ہیں۔