رمضان میں سحری کا وقت ہو یا افطاری کا، دہی کا استعمال ضروری ہوتا ہے. کچھ لوگ پراٹھے کے ساتھ دہی کھاتے ہیں جبکہ افطار میں دہی پھلکی اور لسی کے لئے دہی کا استعمال ضروری ہوتا ہے.
اس لئے آج ہم آپ کو گھر میں دہی بنانے کا طریقہ بتا رہے ہیں جس سے میٹھا اور گاڑھا دہی صرف ایک گھنٹے میں تیار ہوجائے گا.
ایک کلو دودھ ابال کر 15 منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں اور پھر اس کو اتنا ٹھنڈا کریں کہ دودھ نیم گرم سے تھوڑا تیز گرم ہو. اب جس پیالے میں جاگ ہو، دو چمچ دودھ اس پیالی میں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور پھر سارا جاگ دودھ میں ایک طرف سے ڈال دیں. یاد رکھیں بالائی خراب نہیں ہونی چاہیئے.
اب اس دودھ پر المونیم فوائل لپیٹ دیں اور پریشر ککر میں اتنا پانی گرم کریں کہ دودھ کی دیگچی پانی میں آدھی ڈوب جائے. دیگچی کو ککر میں رکھ کر ڈھکن لگائیں اور کسی موٹے تولیے سے لپیٹ کر بند کردیں.
ایک گھنٹے بعد کھولیں. گاڑھا دہی تیار ہے. کناروں پر اگر پانی ہے تو اسے الگ کر کے دہی نکال لیں. مزید اچھا دہی بنانا ہو تو اسے آدھے گھنٹے تک فریج میں رکھ دیں.