Sunday, December 29, 2024
ہومHealth and Educationموسمِ سرما میں جلد اور بالوں کی حفاظت کیسے کریں؟

موسمِ سرما میں جلد اور بالوں کی حفاظت کیسے کریں؟


— فائل فوٹو

موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی جلد کے مسائل بھی شروع ہو جاتے ہیں۔

بازار میں ملنے والی مصنوعات کے علاوہ قدرتی موسچرائزر، روغنِ بادام و زیتون بھی ہر کسی کی دسترس میں نہیں، بہر حال سمجھ دار خواتین اپنے حسن کی حفاظت کا سامان تلاش کر ہی لیتی ہیں۔

موسمِ سرما کی خشکی اور سرد ہواؤں سے جنم لینے والے مسائل سے بچنے کے لیے کچھ مشورے درج ذیل ہیں۔

جلد کی حفاظت کیلئے

گھر میں استعمال ہونے والے دودھ کی بالائی اُتار کر جمع کر لیں، اسے لیموں کے رس یا گلیسرین میں شامل کر کے ہاتھوں، پیروں، چہرے اور ہونٹوں پر لگائیں۔

ہاتھ منہ دھونے کے لیے نیم گرم پانی کا استعمال کریں، جلد نرم و ملائم ہو جائے گی۔

خشک موسم میں جلد کی صفائی کے لیے بیسن سے منہ پر مساج کریں اور پھر سادہ پانی سے منہ دھولیں۔

اس آمیزے سے ہاتھ اور پیر ہی نہیں جسم بھی صاف کیا جا سکتا ہے، اس میں حسبِ ضرورت لیموں کا رس بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

½ کپ گلیسرین، ¼ کپ لیموں کا رس، ½ کپ سادہ فریش کریم اور 2 چائے کے چمچ عرقِ گلاب کو کسی پیالے میں ڈال کر مشین سے یا ہاتھ والے بیٹر سے اتنا پھینٹیں کہ وہ نرم اسفنج یا کریم جیسی شکل میں آ جائے۔

اسے کسی بوتل یا جار میں بھر کر رکھ لیں، یہ کریم ہاتھ اور پاؤں کو پوری سردیاں نرم اور ملائم رکھنے کے ساتھ ساتھ رنگت بھی صاف رکھے گی۔

اس کے علاوہ شہد، لیموں کارس اور گلیسرین ہم وزن ملا کر مکس کر لیں، برتن یا کپڑے دھونے کے لیے گرم یا سرد پانی میں ہاتھ ڈالنے کے بعد پھٹ جانے والے ہاتھوں کی جلد پر اور ناخنوں پر اس کی مالش کریں، ہاتھ صاف، ستھرے، نرم، ملائم اور ناخن گلابی رہیں گے۔

روغنِ زیتون و سورج مکھی ہم وزن لے کر اس میں 50 گرام ہلدی یا زعفران کا پاؤڈر شامل کر لیں اور گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔

اسے کسی جار یا بوتل میں ڈال کر رکھ لیں اور پوری سردیاں اس سے چہرے کا مساج کریں اور پھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔

سردیوں میں جلد کے لیے بالائی بہت مفید ہے، اسے لگانے کے 1 گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے صاف کر دیں۔

سردیوں میں گرم پانی سے نہانے کے سبب جلد خشک ہو جاتی ہے، اس لیے کوشش کریں کہ زیادہ گرم پانی سے نہانے کے بجائے نیم گرم پانی استعمال کریں۔

جن افراد کی جلد خشک ہے وہ نہانے کے پانی میں تھوڑا سا ناریل کا تیل شامل کر لیں اس طرح ان کی جلد کی مطلوبہ نمی بر قرار رہے گی۔

بالوں کیلئے

بالوں میں انڈے، دودھ اور دہی سے مساج کریں، پھر نیم گرم پانی سے دھولیں، بال گرنے، ٹوٹنے اور خشکی سے محفوظ رہیں گے۔

بالوں سے خشکی دور کرنے کے لیے ہفتے میں 1 مرتبہ زیتون، ناریل، سرسوں یا بادام کے تیل میں سے کسی 1 سے مساج کریں اور پھر 1 گھنٹے بعد نیم گرم پانی سے سر دھو لیں۔

گرم پانی میں تولیہ بھگو کر نچوڑ لیں اور اس سے سر اور بالوں کو ڈھانپ لیں، مہینے میں 1 سے 3 مرتبہ یہ عمل بالوں کے لیے مفید ہو گا۔

دہی میں تھوڑا سا سرسوں یا ناریل کا تیل شامل کر کے نہانے سے ½ گھنٹے قبل سر کا مساج کریں اور پھر نہا لیں، بالوں سے خشکی دور ہو جائے گی۔

آنکھوں کیلئے

زیتون کا تیل اور بادام کا تیل نرمی کے ساتھ آنکھوں کے ارد گرد گولائی میں لگائیں۔

کچے دودھ پر آنے والے جھاگ کو نکال کر آنکھوں کے ارد گرد لگانے سے جِلد پُر رونق ہو جاتی ہے اور سیاہ حلقے دور ہو جاتے ہیں۔

ہونٹوں کی حفاظت کیلئے

پھٹکری، گلیسرین اور لیموں کا رس ہم وزن لے کر روزانہ ہونٹوں پر 1 منٹ تک لگائیں، سردیوں میں چہرے کو ٹھنڈے یا گرم پانی کے بجائے نیم گرم پانی سے دھوئیں۔

پھلوں اور سبزیوں کا استعمال

موسمی پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، یہ ظاہری خوبصورتی کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں