Thursday, January 2, 2025
ہومPakistanبارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعظم

بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعظم


وزیرِ اعظم شہباز شریف گوادر پہنچ گئے—ٹی وی گریب

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گوادر متاثرین کی مدد کے لیے آیا ہوں، بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے جہاں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور دیگر شخصیات نےان کا استقبال کیا۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے حکام و انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لیے نظام وضع کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی، نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں کے متاثرین کی مدد و و بحالی کے لیے ایک جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو طوفانی بارش نے گوادرسمیت بلوچستان کے دیگر حصوں میں تباہی مچائی، بلوچستان میں بارشوں کے باعث حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ امداد متاثرین کے لیے احسان نہیں، مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، وزیرِ اعلیٰ کی سربراہی میں تمام نقصانات کی ضابطے اور قانون کے تحت ادائیگی کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے انہیں 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، 4 دنوں میں متاثرین کو رقوم فراہم کی جائیں گی، جن کے گھر کوجزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، زخمیوں کو5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

چیئرمین NDMA کی بریفنگ

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو دورۂ گوادر کے موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گوادر میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا۔

وزیرِ اعظم کل کراچی کا دورہ کرینگے

وزیرِ اعظم شہباز شریف کل بروز بدھ کراچی کا دورہ کریں گے، وہ مزارِ قائد پر حاضری دیں گے۔

جمعرات کو وفاقی کابینہ کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں