Wednesday, January 1, 2025
ہومPakistan'تحریکِ انصاف کے آزاد اراکینِ اسمبلی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں...

‘تحریکِ انصاف کے آزاد اراکینِ اسمبلی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے’


پاکستان تحریکِ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے آزاد ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوں گے تاکہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں حاصل کی جا سکیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو خط لکھے گی جس میں درخواست کی جائے گی کہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے کوٹا فراہم کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی کی 180 نشستیں ملی ہیں۔

تحریکِ انصاف نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ مرکز اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم جب کہ خیبر پختونخوا میں جماعتِ اسلامی کے ساتھ مل کر چلیں گے۔ تاہم جماعتِ اسلامی نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر چلنے سے انکار کر دیا تھا۔

لیکن پی ٹی آئی نے اب مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے بجائے سنی اتحاد کونسل کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب اُمیدوار کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد اسے کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لیے تین روز کا وقت دیا جاتا ہے۔

اس حوالے سے منقسم آرا سامنے آ رہی ہیں کہ آیا کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے سے پی ٹی آئی کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں مل سکیں گی یا نہیں۔

نیوز کانفرنس کے دوران تحریکِ انصاف کے رہنما عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں کسی قسم کی فرقہ واریت نہیں چاہتے۔ سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کا مقصد مخصوص نشستوں کا حصول ہے۔

عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنائے گی۔حکومت بنانے کے بعد عمران خان اور گرفتار رہنماؤں کی رہائی ممکن بنائیں گے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ریزرو سیٹوں کا کوٹہ سیاسی جماعت کے ارکان اسمبلی کے تناسب سے ہو گا۔

سنی اتحاد کونسل کب اور کیوں بنی؟

سنی اتحاد کونسل، مختلف مذہبی سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جس کے بانی سربراہ صاحب زادہ فضل کریم تھے۔

سنی اتحاد کونسل کی بنیاد 2001 میں رکھی گئی تھی جس کا مقصد ملک کی مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے انتخابی سیاست کرنا تھا۔

سن 2013 کے عام انتخابات سے قبل صاحب زادہ فضل کریم انتقال کر گئے تھے جس کے بعد کونسل کی سربراہی صاحب زادہ حامد رضا کے سپرد کی گئی تھی۔

صاحب زادہ حامد رضا پاکستان تحریکِ انصاف کی حمایت سے فیصل آباد سے رُکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں