اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ )فیصلہ کن گھڑی قریب ، کون بنے گا وزیر اعظم ،وفاقی دارالحکومت میں با اثر حلقوں نے کس کے حق میں رائے کا اظہار کیا ہے ؟ اس حوالے سے خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وطن عزیز میں عام انتخابات کیلئے کل پولنگ ہو رہی ہے ، انتخابات ایسےماحول میں ہو رہے ہیں جب بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بعض علاقے دہشت گردانہ حملوں کی زد میں ہیں ، امن و امان کے مسائل سے عام لوگ بھی متاثر ہیں تاہم قومی قیادت کی جانب سے انتخابی مہم کوپر سکون انداز سے پایۂ تکمیل کو پہنچانے سے لوگوں کو اعتماد ملا۔
“جنگ ” کے مطابق سیاسی جماعتوں کی 45 روزہ انتخابی مہم کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دیگر کے مقابلے میں زیادہ جلسے کیے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کا فوکس پنجاب رہا جہاں قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ 144 نشستیں ہیں ، اسلام آباد کے بااثر حلقے قرار دے رہے ہیں کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بننے جارہے ہیں ،کہا جارہا ہے کہ اس مرتبہ ان کی سربراہی میں اجتماعی قیادت کا ایک نیا انداز حکمرانی سامنے آئے گا اور فیصلہ سازی کیلئے اعلیٰ سطح کے مشاورتی ادارے بنیں گے تاکہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جا سکیں ۔