(احمد منصور)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے گارڈز کو گولی چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور یہ لوگ خود لاشیں گرا کر ان پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، ان کا کوئی احتجاج کبھی پرامن نہیں رہا۔
عطاءاللہ تارڑ نے پی ٹی آئی پر غیر قانونی افغان شہریوں اور مسلح جتھوں کے ذریعے احتجاج کرنے کا الزام عائد کیا، اور ان کی کارروائیوں کو ملک میں بدامنی پھیلانے کا سبب قرار دیا, اور کہا خیبر پختونخوا کے عوام نے ان کی کال کو مسترد کر دیا ہے اور آئندہ بھی عوام تحریک انتشار کی کال کو رد کریں گے۔
وفاقی وزیر نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا وطیرہ غیر قانونی افغان شہریوں اور مسلح جتھوں کے ذریعے احتجاج کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار نے پچھلے دور میں جدید اسلحے، سٹن گنز، ٹیئر گیس شیل اور گرینیڈ سے لیس جتھوں کے ساتھ وفاق پر حملہ کیا تھا اور ان جتھوں نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔
عطاءاللہ تارڑ کا مزید کہناتھا کہ تحریک انتشار کا مقصد ملک میں بدامنی پھیلانا ہے اور انہوں نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفاد کے لیے ریاست کے مفاد کو قربان کیا ہے۔
انہوں نے 9 مئی اور 26 نومبر کو ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے ملتان میں جلسے کے دوران بھگدڑ مچنے کے باوجود اپنی تقریر جاری رکھی، جس سے کئی جانیں ضائع ہوئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ان کی کال کو مسترد کر دیا ہے اور آئندہ بھی عوام تحریک انتشار کی کسی کال کو مسترد کریں گے۔
مزید پڑھیں:مسلم لیگ ن میں تقسیم؟