Tuesday, January 7, 2025
ہومPakistanوزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کا ایٹمی دھماکہ کیا ہے:وفاقی وزیرامیر...

وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کا ایٹمی دھماکہ کیا ہے:وفاقی وزیرامیر مقام



(24نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ صنعتوں کو بجلی کی فی یونٹ کمی کا تاریخی پیکج دے کر وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی کا ایٹمی دھماکہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے 100 دن کی مثالی کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ روٹی، آٹے اور گھی سمیت کھانے پینے کی اشیاء کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی عوام اور ریاست دونوں کو ریلیف دینے کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے، 100 دن میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک اور عوام دونوں کے بوجھ کم کئے، پاکستان اور عوام دونوں کو ریلیف دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز سپیڈ’ سے 100 دن میں انقلاب برپا ہوگیا، اگلے 1725 دن میں ملک و قوم کی معاشی تقدیر بدلیں گے، وزیراعظم نے باتوں اور دعووں کے بجائے اللہ کے فضل سے 100 فیصد کام کیا ، 38 فی صد سے مہنگائی کا 12 فی صد پر آنا، پٹرول کی قیمت میں 35 روپے کا ریلیف، روپے کی قدر میں استحکام اللہ کا فضل اور وزیر اعظم شہباز شریف کی پرخلوص محنت کا نتیجہ ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ  زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ہونا، برآمدات میں اضافہ، 3 ارب ڈالر سے زائد بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر، سٹاک ایکسچینج کا 77 ہزار کی حد عبور کرنا معاشی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ، زراعت، آئی ٹی، معدنیات، توانائی سمیت ہر شعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے، خسارے کم ہو رہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ منفی سے مثبت ہو گیا ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے روزگار اور کاروبار میں اضافہ ہوگا، ملک اور قوم دونوں کو مزید ریلیف ملے گا ،چین ہر سال 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی میں مفت تربیت دے گا، وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں سے ہونے والے اس اقدام سے نوجوانوں کا مستقبل روشن ہوگا ، “پوری تیاری ہے” کے دعویدار جعلی انقلابیوں کو 100 دن میں یہ سمجھ نہیں آئی تھی کہ آئی ایم ایف جانا ہے یا نہیں؟ 

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کو ریاست اور شہدا کے وقار پر حملہ کرنے والے مجرموں کی لائی تباہی کے اثرات آہستہ آہستہ ختم ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی، گیس سلنڈر کی دکان پر دھماکا، 6افراد جھلس کر زخمی





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں