لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا۔ بھکر 28 ملی میٹر گجرات 83منڈی بہاوالدین 40 نارووال 43 اور مری میں 31 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نور پور تھل 26 ملی میٹر شیخوپورہ 33 سیالکوٹ 50 اور فیصل آباد میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ بڑے شہروں کی انتظامیہ اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ رہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔