لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن لاہور (آئی بی سی سی)کے زیر اہتمام لاہور میں پہلی بار 2 روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد آئی بی سی سی عملے کی آئی ٹی مہارتوں میں بہتری لانا ہے۔ تربیتی سیشن ایچ ای سی ریجنل آفس گلبرگ لاہور میں ہوئی اور تربیتی سیشن ایچ ای سی میں مارکنگ سسٹم ختم کر کے گریڈنگ سسٹم لانے پر مشاورت کی گی شرکاء کو دفتری خودکار نظام کی مہارتوں سے لیس کرنے پر توجہ دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے روزمرہ کے امور کو زیادہ مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں یہ تربیت آئی بی سی سی کی جانب سے تعلیمی اداروں کو تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور روزمرہ کے امور میں روانی پیدا کرنا ہے۔
اس سیشن کے دوران شرکاء کو مختلف دفتری خودکاری کے اوزار اور تکنیک سکھائے گئے، تاکہ وہ اپنے کام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں اور کام کی رفتار میں اضافہ کر سکیں اس اقدام کے ذریعے، آئی بی سی سی اداروں کی انتظامی صلاحیت کو مضبوط کرنے اور تعلیمی نظام میں جدید آئی ٹی حل کے انضمام کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
اس تربیتی سیشن کے بعد آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ٹرینینگ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوۓ کہا آئی بی سی سی جدت آمیز ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے درخواست دہندگان کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔اس ٹریننگ سیشن کو آئی بی سی سی لاہور کے ڈائریکٹر رانا خاور پیمان نے منعقد کروائی جبکہ آئی بی سی سی اسلام آباد سے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد کاشف اور ڈپٹی ڈائریکٹر مس سعدیہ نے شرکا ءکو ٹریننگ دی۔