(24نیوز)سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے تشریح نظر ثانی کیس کی سماعت جاری ہے، چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ پہلے بتائیں کل کے بعد کیا ہوا؟ جسٹس منیب اختر کو درخواست کی گئی کہ بینچ میں آئیں، جسٹس منیب نے دوبارہ خط لکھ دیاجس میں اپناپرانا مؤقف دہرایا ہے۔
چیف جسٹس کہا کہ جسٹس منیب اختر کے خط کے بعد میں نے کمیٹی کو جسٹس منصور علی شاہ کو شامل کرنے کی تجویز دی، جسٹس منصور علی شاہ نے کمیٹی اور بینچ دونوں میں شمولیت سے انکار کیا، اس کے بعد ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں بچا تھا، دوسرے بینچز کو ڈسٹرب نہ کرتے ہوئے جسٹس نعیم افغان کو شامل کیا ہے، اب سپریم کورٹ میں کچھ بھی بند دروازوں کے پیچھے نہیں ہوتا۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا بینچ پر اعتراض کیا جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ علی ظفر آپ بیٹھ جائیں آپ کو مناسب وقت پر سنا جائے گا، بیرسٹر علی ظفر آپ کو پہلے دلائل دینے کا حق نہیں ہے، پہلے جس نے نظر ثانی درخواست دی ہے اس کو دلائل دینے کا حق ہے، روسٹرم پر آپ کی ہی بار کے منتخب صدر کھڑے ہیں، کبھی تو جمہوریت پر بھی چل کر دیکھیں۔
صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے دلائل کا آغاز کر دیا، شہزاد شوکت نے کیس کا پس منظر بیان کر دیا، کہا اس کیس میں صدارتی ریفرنس بھی تھا اور 184/3 کی درخواستیں بھی تھیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ریفرنس پر رائے اور 184 تین دو الگ الگ دائرہ اختیار ہیں، دونوں کو یکجا کر کے فیصلہ کیسے دیا جا سکتا ہے، صدارتی ریفرنس پر صرف رائے دی جا سکتی ہے فیصلہ نہیں۔
واضح رہے کہ واضح رہے کہ گزشتہ روز کیس کے سماعت کے دوران آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عسیٰ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کیں جبکہ لارجر بینج کے رکن جسٹس منیب اختر نے موجودہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے بنائے بینچ میں بیٹھنے سے انکار کردیا تھا۔
جسٹس منیب اختر کے خط کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس پروسیجر کمیٹی نے آج صبح جسٹس نعیم اختر افغان کو آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس کے سماعت کرنے والے بینچ میں شامل کرلیا۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس صبح 9 بجے سپریم کورٹ میں ہوا، جسٹس نعیم اخترافغان کی شمولیت سے5رکنی لارجر بینچ مکمل ہوگیا۔