راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) ایف آئی اے سائبر کرائم نے آن لائن جنسی ہراسانی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے متاثرہ خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرلیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم فیصل حبیب کو عارف والا سے گرفتار کیا گیا جو خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز وائرل کرنے میں ملوث تھا۔ملزم نے واٹس ایپ کے ذریعے متاثرہ کی قابل اعتراض تصاویر شیئر کیں، اس نے متاثرہ خاتون کے نام سے سوشل میڈیا اکاو¿نٹ بنا رکھے تھے۔ملزم نے جعلی سمز کا استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ اکاو¿نٹ بنائے ہوئے تھے اوروہ متاثرہ خاتون کو قابل اعتراض مواد کی آڑ میں دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔اس کے علاوہ ملزم فیصل حبیب نے متعدد ای میل اکاو¿نٹ بھی بنائے ہوئے تھے جن پر اس نے خواتین کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز رکھی ہوئی تھیں۔
ملزم کے قبضے سے 3 عدد موبائل فون، یو ایس بی، مائیکرو کارڈ اور 12 سمز برآمد کی گئیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔