سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی-مینگل (بی این پی-مینگل) سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ میں آج اسمبلی سے استعفیٰ کا اعلان کرتا ہوں، یہ بات میں نے کسی کو نہیں بتائی لیکن آج ابھی اس پریس کانفرنس میں بتا رہا ہوں۔
سردار اختر مینگل نے کہا کہ میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا، بلوچستان کے حالات دیکھ کرفیصلہ کرکے آیا تھا، میں ریاست، صدر اور وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں، پورے نظام پر عدم اعتماد کر رہا ہوں۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملے پرلوگوں کی دلچسپی نہیں، میں اپنے لوگوں کےلیے کچھ نہیں کرسکا، جب بھی اس مسئلے پربات کرو توبلیک آؤٹ کردیا جاتا ہے، ملک میں صرف نام کی حکومت رہ گئی ہے، اس سیاست سے بہترہے میں پکوڑے کی دکان کھول لوں، 65 ہزار ووٹرز مجھ سے ناراض ہونگے ان سے معافی مانگتا ہوں۔
یاد رہے کہ اختر مینگل این اے 256 خضدار سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔