لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کی معروف اداکارہ صائمہ شاہ جو ریشم کے نام سے مشہور ہیں، ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب متحرک ہیں۔ وہ آئے روز فلاحی کاموں اور لنگر کے لیے کھانا تیار کرئے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو انہوں نے دو روز قبل اپنے فیس بک پر اپلوڈ کی جس میں انہیں لنگر کے لیے کھانا بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں اداکارہ ریشم کے پیچھے ایک سیاہ رنگ کی ہونڈا سوک گاڑی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
اداکارہ ریشم نے ویسے تو یہ ویڈیو اپنے مداحوں کے لیے اپلوڈ کی تھی لیکن پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی نظروں سے نہ بچ سکی۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب میں لاہور ریجن سی کے ڈائریکٹر محمد آصف کا کہناہے کہ جب اداکارہ ریشم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی تو اس میں گاڑی پر نظری پڑی اور گاڑی کا نمبر نوٹ کر لیا۔ گاڑی کا ٹوکن ٹیکس 30 جون 2019 تک ہی ادا کیا ہوا تھا اور اس کے بعد کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اداکارہ ریشم کی گاڑی پر کل 58 ہزار 650 روپے ٹیکس واجب الادا ہے۔