اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے بھی سپریم کورٹ میں تجاویز جمع کرادیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ بارنے کہاکہ سپریم کورٹ بارعدلیہ کی آزادی پرکبھی سمجھوتہ نیہں کرے گی،عدلیہ میں مداخلت کرنے والوں کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
سپریم کورٹ بار کی جانب سے تجویزدی گئی ہے کہ ججزکی ذمہ داریوں اور تحفظ سے متعلق مکمل کوڈ آف کنڈکٹ موجود ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے پاس توہین عدالت کا اختیارموجود ہے،تجویز میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو کسی قسم کی مداخلت پرتوہین عدالت کی کارروائی کرنی چاہئے تھی،ہائیکورٹ کی جانب توہین عدالت کی کارروائی نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے خط میں گزشتہ سال کے واقعات کا ذکر کیا ہے،ججز کا خط میڈیا کو لیک کرنا بھی سوالات کو جنم دیتا ہے،کسی بھی جج کو کوئی شکایت ہو تو اپنے چیف جسٹس کو آگاہ کرے،اگرمتعلقہ عدالت کا چیف جسٹس کارروائی نہ کرے تو سپریم جوڈیشل کونسل کو آگاہ کیا جائے۔