اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کے معاملے وزارت داخلہ کو ابتک ہونیوالی تفتیش کی رپورٹ ارسال کردی گئی ،رپورٹ وفاقی پولیس کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی ۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 2اپریل کو ہائیکورٹ کے 8ججز کو مشکوک خطوط ملے،تین، چار اور پانچ اپریل کو سپریم کورٹ ججز کو بھی خطوط موصول ہوئے،معاملے کے الگ الگ 2مقدمات درج کئے جاچکے ہیں،خط پر آرسینک پاؤڈر پایا گیا جس کی مقدار زہریلی نہیں تھی،آرسینک جن پنسار سٹورز سے ملتا ہے ان کا ڈیٹا اکٹھا کرلیا،تفتیشی ٹیمیں ان تمام دکانوں کے دورے کررہی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کی راولپنڈی اور اسلام آباد کیلئے 2ٹیمیں بنائی گئی ہیں،سی سی ٹی وی فوٹیج اور خطوط بھیجنے والوں کے نام نادرا کو بھجوا دیئے،لفافوں پر تحریر اور سیاہی کے تجزیہ کیلئے ایکسپرٹس کو بھجوا دیا گیا،خط پر لگائی جانیوالی پوسٹل سٹیمپ کا بھی تجزیہ کیاجارہا ہے۔