Friday, January 3, 2025
ہومPakistanاٹھارہ ہزار ارب روپے سے زائد کا وفاقی بجٹ؛ ٹیکس محصولات میں...

اٹھارہ ہزار ارب روپے سے زائد کا وفاقی بجٹ؛ ٹیکس محصولات میں اضافے کا ہدف



  • وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔
  • دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کا حجم 18 ہزار ارب روپے سے زائد ہو گا۔
  • خدمات کے شعبے کی ترقی کا ہدف 4.1 فی صد اور جی ڈی پی میں مجموعی سرمایہ کاری کا ہدف 14.2 فی صد مقرر کیا گیا ہے۔
  • اگلے مالی سال وفاق اور صوبے مل کر ترقیاتی منصوبوں پر 3792 ارب روپے خرچ کریں گے۔

پاکستان کی وفاقی حکومت مالی سال 2025-2024 کا بجٹ بدھ کو پیش کر رہی ہے جس کا مجموعی حجم 18 ہزار ارب روپے سے زائد ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہو گا جس میں کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیتے ہوئے نئے مالی سال کے بجٹ کی حتمی منظوری لی جائے گی۔

کابینہ اجلاس میں بجٹ کے خدوخال کے علاوہ نئے ٹیکسز اور عوام کے لیے ریلیف سمیت دیگر اہم نکات پر وزیر خزانہ بریفنگ دیں گے۔

شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت معاشی مشکلات اور اندرونی و بیرونی سطح پر درپیش چیلنجز کے دوران اپنا پہلا بجٹ پیش کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں رواں مالی سال کی بجٹ دستاویزات پیش کریں گے جس کے بعد بدھ کی شام ہی ایوان بالا یعنی سینیٹ کے سامنے بجٹ پیش کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال 25-2024 کے بجٹ کا حجم 18 ہزار ارب روپے سے زائد ہو گا جب کہ نئے مالی سال کے لیے محصولات کا ہدف 12 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنا تجویز کیا گیا ہے۔

قرض اور سود ادائیگیوں پر نو ہزار 700 ارب روپے تک خرچ کیے جانے کا تخمینہ ہے۔

آئندہ مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6 فی صد مقرر کیا گیا ہے جس میں زراعت کی ترقی کا ہدف دو فی صد مقرر کیا گیا ہے۔ صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.4 فی صد اور بڑی صنعتوں کی شرح نمو کا ہدف 3.5 فی صد رکھا گیا ہے۔

خدمات کے شعبے کی ترقی کا ہدف 4.1 فی صد اور جی ڈی پی میں مجموعی سرمایہ کاری کا ہدف 14.2 فی صد مقرر کیا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال مہنگائی کا اوسط ہدف 12 فی صد مقرر کیا گیا ہے جو کہ رواں سال 21 فی صد کے ہدف کے مقابلے میں 26 فی صد رہا ہے۔

ترقیاتی بجٹ

اگلے مالی سال وفاق اور صوبے مل کر ترقیاتی منصوبوں پر 3792 ارب روپے خرچ کریں گے جس میں رواں مالی سال کے مقابلے میں مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ میں 1012 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وفاقی ترقیاتی بجٹ 550 ارب اضافے کے ساتھ 1500 ارب روپے مقرر کیے جائیں گے جب کہ چاروں صوبوں کا سالانہ ترقیاتی پلان 462 ارب روپے اضافے سے 2095 ارب روپے ہو گیا ہے۔

سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق سندھ ترقیاتی منصوبوں پر سب سے زیادہ 764 ارب روپے خرچ کرے گا جب کہ پنجاب نے 700 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مقرر کیا ہے۔ خیبرپختونخوا نے 351 ارب اور بلوچستان نے 281 ارب روپے ترقیاتی بجٹ کے لیے مختص کیے ہیں۔

حکومت کو توقع ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں اضافے سے مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں اضافہ ممکن ہو سکے گا جو جاری مالی سال کے دوران 2.4 فی صد رہا۔

بجٹ میں دفاع کے لیے 1252 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں