لسبیلہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران سے آنے والی زائرین کی بس مکران میں حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
زائرین کی بس کو حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا، بریک فیل ہونے کے باعث بس کھائی میں گر گئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 11 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جا رہی تھی، زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاجا رہا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئےتھے، حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں دو روز قبل ایران سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان لائی گئی تھیں۔