کراچی (ویب ڈیسک) حیدرآباد میں تشدد کا شکار گدھا کراچی کے شیلٹر ہوم میں دم توڑ گیا۔
شیلٹر ہوم سی ڈی آر ایس بینجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گدھے کے دم توڑنے کی پوسٹ شیئر کر دی۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل تشدد کی وجہ سے گدھے کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئی تھیں، واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا تھا اور گدھے کو علاج کے لیے کراچی کے سی ڈی آر ایس بینجی شیلٹر ہوم منتقل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جانوروں کے ساتھ ظلم و جبر کے 2 واقعات بھی چند روز قبل سامنے آئے تھے۔ایک واقعہ سانگھڑ میں پیش آیا تھا جہاں ایک شخص نے کھیتوں میں داخل ہونے پر اونٹنی کی ٹانگ ہی کاٹ دی تھی۔دوسرے واقعے میں راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں گندم کی کٹائی کے بعد پانی پینے کے لیے آزاد چھوڑی گئی گدھی کے علاقے کی بااثر شخصیت نے کان کاٹ دیے تھے۔