متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ جرائم سے نمٹنے کےلیے محلہ کمیٹیاں بنا رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے اراکین اسمبلی کو عوام کے پاس بھیج رہی ہے، چاہتے ہیں محلہ کمیٹیاں بنانے کے عمل میں پولیس اور رینجرز کی تائید حاصل ہو۔
فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ کراچی پولیس چیف اچھی ساکھ کے افسر ہیں، پیپلز پارٹی کے پاس 16 سال سے وزارت داخلہ ہے ان کی مرضی کے افسران لگتے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ میں نے بلاول بھٹو سے درخواست کی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سے بات کریں، محسن نقوی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے، کل محسن نقوی سے ملاقات میں مطالبہ کریں کہ وہ کراچی آئیں۔