جسٹس عالیہ نیلم نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
جسٹس عالیہ نیلم کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جسٹس عالیہ نیلم سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، جسٹس شجاعت علی خان، وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، جج صاحبان، سابق ججز، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، لاء افسران اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔
گورنر اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے چیف جسٹس عالیہ نیلم کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی۔
پولیس کے دستے کا گارڈ آف آنر پیش
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم حلف برداری کے بعد لاہور ہائی کورٹ پہنچیں جہاں انہیں پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
3 ججز میں سے جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری دی گئی
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیرِ صدارت ہوئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے لیے جسٹس عالیہ نیلم کے نام کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے 3 ناموں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم پر غور کیا گیا تھا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے منظوری دینے کے بعد وزارتِ قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
پہلی خاتون چیف جسٹس
جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔
جسٹس عالیہ نیلم 12 نومبر 1966ء کو پیدا ہوئیں، انہوں نے 1995ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور یکم فروری 1996ء کو بطور وکیل پریکٹس کا آغاز کیا۔