راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن ) جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں 20-21 دسمبر 2024 کی درمیانی رات، خوارج کے ایک گروپ نےسیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی ۔
آئی ایس پی آرکے مطابق خوارج کے اس حملے کو سیکیورٹی فورسز کے دستوں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8خوارج کو جہنم میں بھیج دیا گیا۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، پاک فوج کے16 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔
آئی ایس پی آرنے مزید بتایا کہ علاقے میں صفائی کا آپریشن کیا جا رہا ہے ، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔