سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس حکومت کو تو ہر صورت گھر جانا ہے، حکومت تین چار ماہ میں رخصت ہوجائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس متعلق آنے والے 40، 45 دنوں میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کسی قسم کی مذاکرات کی پیشکش کو پی ٹی آئی کی جانب سے مثبت طریقے سے نمٹنا چاہیے، ملک میں سیاسی ماحول بہتر ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آرمی چیف کو پیغام نہایت خوش آئند ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بیان سے پی ٹی آئی کا نام استعمال کر کے بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والے یتیم ہوگئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچوں کو گرفتار کر کے یہ اپنا بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے پاسپورٹ کی تجدید کیلئے درخواست دائر کردی
علاوہ ازیں فواد چوہدری نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 9 جولائی کے احکامات پر عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
فواد چوہدری نے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات جاری کیے جائیں، بیرون ملک سفر کرنے سے نہ روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔