پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایران کے حملوں پر پاکستان کی سیستان میں جوابی فوجی کارروائی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خودمختاری پر حملے کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ خفیہ معلومات اور پیشہ ورانہ قابلیت پر مبنی بروقت کارروائی قابل داد ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ اللّٰہ ہمارے ملک کو سلامت رکھے۔
واضح رہے کہ ایران نے دو روز قبل بلوچستان کے علاقے میں میزائل اور ڈرون حملے کر کے 2 بچیوں کو شہید اور 3 کو زخمی کر دیا تھا۔
پاکستان نے بلوچستان کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی، دو طرفہ تعلقات کے منافی قرار دیا تھا۔
پاکستان نے بلوچستان پر حملے کے جواب میں آپریشن مرگ بر، سرمچار کے ذریعے ایران کو جواب دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے صبح ایران کے صوبے سیستان میں دہشتگردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، جس کے دوران متعدد دہشتگرد مارے گئے۔