خیرپور(ڈیلی پاکستان آن لائن )خیرپور میں گھر سے 3 بچوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جو صندوق کے اندر بند تھیں ۔
نجی ٹی وی” جیونیوز” نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ خیرپورکے علاقے گوٹھ وڈ سمنگ میں گھرسے 3 بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں ایک ہی خاندان کے افراد کی ہیں اور مرنے والے بہن، بھائی اور کزن ہیں۔پولیس کے مطابق بچوں کی لاشیں گھر میں موجود صندوق سے ملی ہیں، لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے اور اس حوالے سے تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب واقعے سے متعلق میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی خیرپور نے کہا گوٹھ وڈسمنگ میں گھر سے ملنے والی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرارہے ہیں۔ایس ایس پی نے گفتگو میں بتایا تینوں بچے گزشتہ روز سے لاپتہ تھے، والدین نے آج صبح اطلاع دی اور جب گھر والوں نے آج صندوق کھولا تو بچوں کی لاشیں ملیں۔ایس ایس پی خیرپور نے بتایاکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے صندوق میں چھپے تھے اور صندوق کا ڈھکن بند ہونے سے تینوں بچے دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔