لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ رواں سال مون سون بارشوں کا امکان پہلے سے زیادہ ہے۔مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔راولپنڈی ،بہاولپور ،سرگودھا ،راجن پور اور جھنگ میں پی ڈی ایم اے کے وئیر ہاؤسز قائم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت کمیٹی پی ڈی ایم اے کے اقدامات کے بارے میں اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا سیکرٹری بورڈ آف ریونیو شفقت اللہ مشتاق و دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ریلیف کمشنر نبیل جاوید کو پی ڈی ایم اے کے اقدامات کےبارے میں بریفنگ دی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مون سون کانٹیجنسی پلان 2024 کے بارے میں بریفنگ دی ۔پی ڈی ایم اے پنجاب کمپلیکس کی تعمیر اور ری سٹرکچرنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے ملازمین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کریں گے۔ریلیف کمشنر پنجاب نے دریاؤں ندی نالوں کے راستوں سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایات کیں ۔ریلیف کمشنر پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈی سیز سے میٹنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ ممکنہ سیلاب اور مون سون بارشوں کی قبل از وقت تیاری یقینی بنائیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نے انوینٹری مینجمنٹ سسٹم ،سموگ ڈیش بورڈ اور فلڈ ڈیش بورڈ کو جلد ایکٹو کرنے کی ہدایت بھی کی ۔نبیل جاوید نے مون سون پلان اور موک ایکسرسائز کے انعقاد پر پی ڈی ایم اے کی کارکردگی کو سراہا اور فلڈ سمولیشن ماڈل کا بھی جائزہ لیا ۔
نبیل جاوید نے وئیر ہاؤسز قائم کرنے کی سمری جلد کابینہ کو منظوری کیلئے بھیجنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ گرین سیورز تھنک ٹینک کا قیام پی ڈی ایم اے کا بہترین اقدام ہے۔بہترین پالیسیوں پر عملدرآمد سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہو ں نے پی ڈی ایم اے کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق جامعہ پالیسی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے پی ڈی ایم اے ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی۔