لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنگین جرائم کے خاتمے کا مشن جاری اور پنجاب پولیس صوبہ بھر میں خطرناک مجرمان کی سرکوبی کیلئے مصروف عمل ہے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے 08 ماہ میں جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث 4364 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، لاہور سمیت صوبہ بھر میں کریمنل گینگز کے 10929 مجرمان گرفتار کئے گئے،کریک ڈاؤن کے دوران مجرمان کے قبضہ سے 05 ارب 56 کروڑ 71 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، مال مسروقہ میں 1280 گاڑیاں، 18905 موٹر سائیکلیں، 1934 تولے سونا، 7732 موبائل فونزاور 3074 مال مویشی برآمد کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدبتایا کہ مختلف وارداتوں میں مطلوب مجرمان سے 03 ارب 75 کروڑ 70 لاکھ روپے کیش برآمد کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کریمنل گینگز کی سرکوبی میں بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی۔
آئی جی پنجاب نے منظم جرائم کا مکمل خاتمے کرنے کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہی کرتے ہوئے موثر پلاننگ اور ٹارگٹڈ آپریشنز سے مجرمان کا صفایا کیا جائے، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔