سرگودھا (ڈیلی پاکستان آن لائن )سرگودھا میں توہین مذہب کے الزام میں مشتعل افراد نے گھر میں گھس کر ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
سرگودھا کی مجاہد کالونی میں مشتعل افراد نے توہین مذہب کے الزام میں ایک شخص کو گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور توڑ پھوڑ کی۔پولیس اور سادہ لباس اہلکار زخمی شخص کو ایمبولینس میں ڈال کر ساتھ لے گئے جبکہ مشتعل افراد نے گھر میں بنے جوتوں کے کارخانے کو آگ لگا دی، بجلی کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا۔ڈی پی او خوشاب، آر پی او، امن کمیٹی کے اراکین اور پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔آر پی او شارق کمال صدیقی کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے، امن و امان خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بحفاظت ہسپتال منتقل کر دیا ہے، مشتعل افراد کی جانب سے پولیس پر بھی پتھراو کیا گیا، پولیس نے ہجوم کو منتشر کر دیا ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔