پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سول نافرمانی سے کسی کا انفرادی نہیں بلکہ ملک کا نقصان ہو گا۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ بارڈر کی حفاظت ہو، یا ملک میں کوئی آفت آئے، پاک فوج کے اہلکار ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی دن رات محنت سے پاکستان معرض وجود میں آیا، وہی قوم ترقی کرتی ہے، جس کو اپنا ماضی یاد ہو، کیا ہم آج قیام پاکستان کے مقاصد پر پورا اتر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، ملکی معیشت کو مضبوط کرنے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے، خیبر پختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ مسائل کا سامنا کیا، ابتر حالات میں بھی پختونوں نے پاکستان کا جھنڈا تھامے رکھا، جو لوگ اپنے اداروں اور شہدا کی بے حرمتی کریں وہ پاکستانی کہلائے جانے کے قابل نہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ سول نافرمانی سے کسی کا انفرادی نہیں بلکہ ملک کا نقصان ہی ہوگا، دیر آید درست آید کے مصداق ہم ان مذکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کا وفاق پر چڑھائی کرنا دکھ کی بات ہے، صوبائی وسائل کو عوام کے لئے استعمال ہونا چاہئیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عوام نے تیسری بار صوبے میں مینڈیٹ دیا، بتائیں ان کی کیا کارکردگی ہے؟
انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے موازنہ کریں، پی ٹی آئی نے صوبے کو کیا ڈلیور کیا ہے؟، کرم میں کیا ہو رہا ہے؟ صوبائی حکومت وفاق پر چڑھائی میں مصروف ہے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کا ایجنڈا ملک کی معیشت کی بحالی ہے، پاکستان امریکا اور نا ہی یورپ کے دباو¿ میں آئے گا، پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔