ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل زور و شور سے جاری ہے ، ایک پولنگ پر اس وقت دلچسپ صورتحال بنی جب ایک دولہا ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔
پنجاب کے شہر ملتان میں ندیم عباس نامی دولہا اپنی شادی کے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے حلقہ 149 چوک کمہاراں والا کے پولنگ اسٹیشن پہنچ گیا۔
دولہے کے ساتھ موجود اہلخانہ نے بھی اپنے اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ندیم عباس کا کہنا تھا کہ آج میری زندگی کا یادگار دن ہے ، دلہنیا لینے جا رہا ہوں مگر ووٹ ایک امانت ہے اسلیے یہ فریضہ ادا کرنے کے بعد شادی کی تقریبات میں شرکت کروں گا۔
دوسری جانب ملتان کے 2 بھائیوں نے ووٹ ڈالنے کے لیے اپنی بارات رکوا دی، دونوں بھائی ابرار اور عابد اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے۔
دولہے نے کہا کہ آج ہم دونوں بھائی اپنا پہلی بار ووٹ کاسٹ کررہے ہیں، گھر والے تو کہہ رہے تھے ووٹ نہ ڈالو۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بارات مظفر گڑھ جانی ہے اس لیے پہلے ووٹ کاسٹ کررہے ہیں، واپسی پر تاخیر ہوجائے گی تو ابھی ووٹ کاسٹ کرکے ہی جائیں گے۔
دونوں بھائیوں نے اسلامیہ اسکول حرم گیٹ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔