اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین کا پاسپورٹ بلاک ہونے سے متعلق درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ حکم نامے کے مطابق ایف آئی اے اور امیگریشن حکام نے بتایا کہ رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین کا پاسپورٹ ٹیکنیکل خرابی کے باعث غیرفعال ہوا۔ ایف آئی اے کے مطابق پاسپورٹ غیرفعال ہونے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔
تحریری حکمنامے کے مطابق ایف آئی اے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شعیب شاہین کا پاسپورٹ فعال ہوچکا ہے۔ معاملہ حل ہوچکا ہے تاہم درخواست گزار کی استدعا پر کیس 13 جنوری تک زیرالتوا رکھا گیا ہے۔