کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی میں ہونیوالی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، شہر کے بیشتر علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوگیا۔
جیو نیوز کے مطابق کراچی میں بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد موسم قدرے سرد اور خوشگوار ہوگیا تاہم نشبی علاقے زیر آب آنے کے باعث ڈیفنس کورنگی روڈ پرپانی جمع اور ٹریفک جام ہوگیا، کئی گاڑیاں خراب ہوگئیں، ڈرگ روڈ انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا، شارع فیصل پر ایف ٹی سی پل کے قریب بارش کا پانی جمع ہوگیا، آئی آئی چندریگر روڈ اور ڈاکٹر ضیاالدین احمد روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا اور گاڑیاں بند ہوگئیں، ڈیفنس ویو میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سندھ اسمبلی اورگورنر ہاؤس کے اطراف بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا۔بارش کا پانی جناح ہسپتال کےگائنی وارڈ کے آپریشن تھیٹر میں داخل ہوگیا، سول ہسپتال کے میڈیکل وارڈ نمبر 3 میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، مریض پریشان ہوگئے۔
نارتھ ناظم آباد،گلشن اقبال کے مختلف علاقوں ڈیفنس ویو اور اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔