سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عارف علوی نے امریکی ایوان نمائندگان سے الیکشن سے متعلق قراداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں عارف علوی نے کہا کہ امریکی ایوان نمائںدگان میں قرارداد کی منظوری درست سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کی ابتری کی 7 کے مقابلے میں 368 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے مذمت کی گئی ہے۔
پی پی رہنما رضا ہارون کا بیان
پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کے بیان کا جواب دیتے ہوئے پی پی پی رہنما رضا ہارون نے کہا کہ پی ٹی آئی امریکی سازش سے امریکی حمایت تک کا سفر کر رہی ہے۔
رضا ہارون نے کہا کہ عارف علوی آپ تو ہمارے اندرونی معاملات امریکی مداخلت کی حمایت کر رہے ہیں، کیا ہمارا آئین اور قانون بیرونی مداخلت کی حمایت کی اجازت دیتا ہے؟
پی پی پی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ یاد دہانی کیلئے بتا رہے ہیں کہ جب وہ امریکی سازش ہوئی تو عارف علوی صدر پاکستان تھے۔